اننت ناگ: کمپیوٹر سینٹر کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر ربل ناگی نے کہا کہ آج اننت ناگ میں واقع مدرسہ میں پہلا کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح ہوا۔ اس کے لیے میں سب سے پہلے مولانا صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جن کے تعاون اور محنت کے بغیر یہ نا ممکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے جب ہم یہاں ورکشاپ کے لیے آئے تو مدرسے کے بچوں سے ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ ان کی مثبت سوچ، جوش و خروش نے مجھے بہت متاثر کیا۔ انہوں نے یہ خواہش ظاہر کی کہ اگر انہیں کمپیوٹر سینٹر کی سہولت اور اچھی کتابیں فراہم کی جائیں تو وہ اپنی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر علوم میں بھی آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ان بچوں کی اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی اور ہندی میں تقریریں سن کر مجھے بے حد خوشی ہوئی۔
ناگی نے کہا کہ یہ بات یقیناً حوصلہ افزا ہے کہ اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی کی تعلیم بھی دی جائے تاکہ ہمارے بچے دنیا کے کسی بھی کونے میں جا کر کام کر سکیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔ آج ہم نے کمپیوٹر سینٹر کی افتتاحی تقریب رکھی ہے کیونکہ جدید دنیا میں بنیادی علم کمپیوٹر سے ہی شروع ہوتا ہے۔