پلوامہ (جموں و کشمیر):کمشنر سیکرٹری برائے گورنمنٹ ہاسپیٹلٹی اینڈ پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رشمی سنگھ نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کا دورہ کیا اور انتخابی فہرستوں کی دوسری خصوصی سمری رویژن کے عمل کا جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (EROs) اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (AEROs) کے ساتھ ایک جامع میٹنگ منعقد کی۔
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر پلوامہ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے سمری رویژن کے عمل کی پیشرفت اور اہم پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے انتخابی فہرستوں کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر سنگھ نے زور دیا کہ کوئی بھی اہل ووٹر رجسٹریشن سے محروم نہ رہے اور ضلع میں صنفی تناسب کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے مطابق اہل رائے دہندگان کی مکمل سیچوریشن حاصل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔