پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح پلوامہ ضلع میں بھی بیشتر آبادی سیب کی کاشت یا کاروبار کے ساتھ ہی منسلک ہے۔ ہر سال یہاں ہزاروں ٹن سیب کی پیداوار ہوتی ہے جسے ماضی میں ایک محدود وقت کے اندر اندر مختلف منڈیوں تک پہنچایا اور فروخت کیا جاتا تھا تاہم گزشتہ چند برسوں سے سیبوں کی خاصی تعداد کو اب کئی کئی ماہ تک کولڈ اسٹورز میں ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ پلوامہ کے صنعت مرکز سڈکو انڈسٹریل ایریا درجنوں کولڈ اسٹورز قائم کیے گئے ہیں۔
کولڈ اسٹورز نہ صرف کسانوں اور میوہ تاجرین کے لئے سود مند ثابت ہو رہے ہیں بلکہ اب یہ کولڈ اسٹور یونٹس نوجوانوں کے لیے وسیلہ روزگار بھی ثابت ہو رہے ہیں۔ کولڈ اسٹوریج یونٹس میں ذخیرہ کئے گئے میوہ جات خاص کر سیبوں کو آف سیزن فروخت کیا جاتا ہے۔ یہ کولڈ اسٹوریج یونٹس ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔
صنعتی مرکز، پلوامہ، میں اس وقت 40 کے قریب کولڈ اسٹوریج یونٹس ہیں، جن میں سیبوں کو تقریباً 4 سے 5 ماہ تک ذخیرہ کیا جاتا ہے اور وقت آنے پر اور مرحلہ وار طریقے پر سیزن میں نکالنے کا عمل شروع کیا جاتا ہے اور یہ کولڈ اسٹوریج یونٹس 10000 ہزار کے قریب نوجوانوں کے روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ وہیں ان کولڈ اسٹوریج یونٹس کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے جہاں مزید افراد کو روزگار ملنے کی توقع ہے۔