سری نگر: جموں و کشمیر میں منگل کی رات کے دوران درمیانی سے ہلکی بارش اور برف باری ہوئی، جس سے طویل خشک موسم کا دور ختم ہوا۔ فروری کا مہینہ زیادہ تر خشک رہا، لیکن تازہ ترین ویسٹرن ڈسٹربنس سے خشک موسم سے تھوڑی مہلت ملی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارہمولہ، کپواڑہ جیسے شمالی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور برفباری ہوئی جب کہ جنوبی اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، کولگام اور شوپیاں میں منگل کی رات ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوئی۔
جموں و کشمیر کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا کہ کشمیر خطے میں 26 سے 28 فروری تک بڑے پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی نے 25 سے 28 فروری کے درمیان گلمرگ، سونمرگ اور پہلگام کے سیاحتی مقامات سمیت وادی کے بالائی علاقوں میں درمیانے سے بھاری درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق بارش کے باوجود سری نگر جموں قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے ٹریفک رواں دواں ہے لیکن دیگر شاہراہیں بشمول شوپیاں کو راجوری-پونچھ سے جوڑنے والی مغل روڈ، ایس ایس جی روڈ/ بھدرواہ-چمبا روڈ اور سنتھن روڈ بند ہے۔