ترال( پلوامہ):جہاں ایک طرف انتظامیہ وادی کشمیر میں کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان کھیل کود کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ تاہم جنوبی کشمیر کے ترال میں موجود ایک بڑے گاؤں چندریگام میں کھلاڑیوں کو آج بھی کھیل کے میدان کا انتظار ہے، جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے اندر مایوسی پائی جارہی ہے اور وہ سڑک پر کھیلنے کے لیے مجبور ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کھیل کے دوران حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے چندریگام کے نوجوانوں نے کہا کہ" پوری وادی میں اسپورٹس سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے کام کیا گیا ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارا گاؤں اس حوالے سے نظر انداز کیا گیا ہے اور اس گاؤں کے بچے آج بھی سڑک پر کھیل کر اپنا شوق پورا کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ دیہی ترقی محکمہ وادی کشمیر کے ہر گاؤں میں کھیل گاہ تو تعمیر کر رہا ہے، لیکن یہاں زمین دستیاب ہونے کے باوجود کھیل گاہ ابھی تک تعمیر نہیں کیا گیا، جو کہ ایک مایوس کن بات ہے۔