پلوامہ (جموں کشمیر) :مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل ہی سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ انتخابی بازگشت کے درمیان وادی کشمیر میں سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی تنظیم کو منظم کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ وہیں سیاسی لیڈران و کارکنان کا ایک سے دوسری جماعت میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) میں ’گھر واپسی‘ کا سلسلہ شروع ہونے سے پارٹی میں خوشی کا ماحول بنا ہوا ہے۔ سابق ایم ایل سی، محمد خورشید عالم، جنہوں نے حال ہی میں پی ڈی پی میں گھر واپسی کی ہے، نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’اس وقت جموں وکشمیر کے مجموعی مفادات کو بچانے کی موثر آواز اگر کوئی ہے تو وہ صرف محبوبہ مفتی اور اسکی پارٹی پی ڈی پی ہے کیونکہ مرکز اس وقت کشمیریوں کے مجموعی مفادات کو زک پہنچانے کے لیے جو آرڈرس پاس کر رہی ہے اور جس طرح کشمیریوں کے حقوق پر شب وخون مارا جا رہا ہے اس سب کے خلاف محبوبہ مفتی ہی ایک مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔‘‘