بڈگام:وسطی کشمیر کا بڈگام ضلع گرچہ تعلیم کے لحاظ سے پسماندہ مانا جاتا ہے، لیکن یہ ضلع معاشرے میں ایسے بیش قیمتی نگینے پیدا کرنے میں ہمیشہ سے آگے رہا، جو نہ صرف بڈگام کا بلکہ پورے کشمیر کا نام روشن کرتے ہیں۔
اسی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے سب ڈویژن بیروہ کے بنہ مکہامہ کی رہنے والی انشاء گل نے دوران تعلیم ہی ایک کتاب کی تصنیف کی ہے۔ یہ کتاب انہوں نے پچھلے سال مکمل کی تھی جو اب یہ منظر عام پر بھی آگئی ہے۔ انشاء گل کے کتاب کا نام "The Least Respected Creation On The Earth" ہے جو کی خواتین کو سماج میں درپیش مشکلات اور مسائل سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے۔
ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اس کتاب کی مصنفہ انشاء گل نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی اپنے آس پاس ہو رہے خواتین پر تشدد، ظلم و ستم کو دیکھتی آئی ہوں اور اب یہ ایک عام سی چیز بن گئی ہے۔ میں نے کئی خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنتے دیکھا ہے، میری ہم عمر لڑکیوں کو ان کے گھر والوں کے دباؤ سے سکول چھوڑتے دیکھا ہے۔ گلی کے چوراہے پے یا پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کے دوران ان گنت ایسے واقعات میرے سامنے رونما ہوئے جس نے مجھے ذہنی طور پر ہلا کر رکھ دیا۔
انشاء کا کہنا ہے کہ میں ان تمام باتوں سے ناآشنا تھی، مگر آہستہ آہستہ یہ میرے ذہن میں گھر کرنے لگی اور مجھے محسوس ہوا کہ اس مسئلے پر مجھے بات کرنی چاہیے، جس کے بعد میں نے اس کتاب کو لکھنا شروع کیا جو آج منظر عام پر ہے۔