بڈگام (جموں کشمیر) :وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ضلع ترقیاتی کونسل کے اراکین نے کونسل کے چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔ عدم اعتماد کے پاس ہونے کے قوی امکانات ہیں کیونکہ چیئرپرسن کے خلاف تقریباً سبھی اراکین نے قرار داد پر دستخط کیے ہیں۔ کونسلرز نے عدم اعتماد نوٹس ڈی سی بڈگام کے آفس میں جمع کی اور انہیں جلد ہی اس حوالہ سے ایکشن لیے جانے کی امید ہے۔
بڈگام، ڈی ڈی سی کے موجودہ چیئرپرسن نذیر احمد خان کو کونسل اراکین کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتوں سے ناراضگی کا سامنا ہے۔ عدم اعتماد تحریک پیش کرنے کے بعد کونسلرز نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’پنچایتی راج ایکٹ میں ترمیم کے بعد حکومت نے حقیقی معنوں میں کونسلرز سمیت سبھی رائے دہندگان کو بااختیار بنایا ہے۔‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بڈگام کونسل کے چیئرپرسن گزشتہ ڈیڑھ سال سے کونسل کا ایک بھی اجلاس طلب کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ممبران نے خان پر کونسل ممبران کے حلقوں میں بے جا مداخلت اور کونسل اراکین کے ساتھ بدتمیزی کا بھی الزام عائد کیا ہے۔