پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو پانچوں سیٹوں پر شکست ہوگی: وقار رسول وانی سرینگر(جموں و کشمیر): جموں و کشمیر پردیش کانگریس پارٹی کے صدر وقار رسول وانی نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو جموں کشمیر کے لوگ پانچوں سیٹوں پر قرارہ جواب دیں گے اور پارٹی کو یادگار شکست سے دوچار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں بی جے پی کو پانچوں سیٹوں پر شکست ہوگی کیونکہ جس طرح سے حکمران جماعت نے جموں کشمیر کے تشخص، خصوصی حیثیت ،ریاست کو ختم کیا اور لوگوں کو بے عزت کیا تو اس نوعیت میں کس طرح یہاں کے لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر اور لداخ کی سیٹوں پر نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگرس کے مابین بات چیت چل رہی ہے اور انڈیا الائنس کے یہ تینوں فریق پارلیمانی انتخابات الائنس میں لڑیں گے اور بی جے پی کو شکست دیں گے۔
یاد رہے کہ کانگرس اور نیشنل کانفرنس کے مابین اننت ناگ-راجوری نشست پر مفاہمت نہیں ہورہی ہے۔ وہی پی ڈی پی اور کانگرس کے مابین بھی اس سیٹ پر بات چیت چل رہی ہے۔تاہم وقار رسول نے کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں تینوں فریق میں سیٹ شیئرنگ پر مفاہمتی فیصلہ ہوگا جو عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سرینگر میں ہونی والی ریلی میں عام لوگ نہیں، بلکہ 80 فیصد سرکاری ملازمین ہوں گے جس طرح جموں کی ریلی میں لائے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:بی جے پی انتخابات میں پاکستان کی طرح دھاندلی کرے گی: وقار رسول
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 7 مارچ کو سرینگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب کرنے جارہے ہیں۔یہ مودی کا 5 اگست سنہ 2019 کو دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا، جہاں وہ عوامی ریلی میں خطاب کریں گے۔ یہ ریلی پارلیمانی انتخابات کے پس منظر میں منعقد کی جارہی ہے۔