بی جے پی جموں کشمیر کی عوام کو مردہ دیکھنا چاہتی ہے: محبوبہ مفتی کولگام:پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز مرکزی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ ہمیں مردہ دیکھنا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر میں اتنا خوف و ہراس پھیل جائے جس سے کشمیریوں کی آواز دبی رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میں اگر ہماری پارٹی بات کرنے کے لئے آگے آرہی ہے تو کشمیری لوگوں کو چاہیے کہ وہ پی ڈی پی کو مضبوط بنائیں، تاکہ کشمیر کی آواز پارلیمنٹ تک پہنچ جائے۔
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے کولگام کے کرال کنڈ علاقہ میں ورکرس کنونشن میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سینکڑوں نوجوان جیلوں میں بند ہیں،بہت سے صحافی جیل میں قید ہیں، پھر بھی کوئی ان کی آواز نہیں اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز کو دبایا ہے۔
وزیر داخلہ کے حالیہ بیان یعنی فرضی انکاؤنٹرس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ایسے واقعات ہوئے ہیں، تو مقدمات کی تحقیقات کریں اور مجرموں کو سزا دیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں فرضی انکاؤنٹر کے معاملات کی بھی جانچ ہونی چاہیے اور قصورواروں کو سزا دی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور کانگریس کے دور حکومت میں فرضی انکاؤنٹرس ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:بی جے پی کشمیریوں کی شناخت سلب کرنا چاہتی ہے: محبوبہ مفتی
کولگام کنڈ ریلی میں شامل پی ڈی پی کارکنان نے محبوبہ مفتی اور پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ریلی میں شامل کارکنان نے کہا پی ڈی پی عام لوگوں کی آواز ہے اور اس (آواز) کو بھارت کے بڑے ایوان (پارلیمنٹ) تک پہچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
واضح رہے پی ڈی پی کی جانب سے کولگام کرال کنڈ میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جلسہ عام سے خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر سرتاج مدنی محبوب بیگ سمیت پی ڈی پی کے کئی سینئر لیڈران موجود تھے۔