سرینگر : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو شیخ خاندان (شیخ عبداللہ) کا شکریہ ادا کرنا چاہئے، جنہوں نے جموں و کشمیر کے بھارت سے الحاق میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ سابق چیف منسٹر کا یہ تبصرہ جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ان الزامات کے بعد آیا، جس میں انہوں نے کانگریس، نیشنل کانفرنس (NC) اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (PDP) پر سیاسی فائدے کے لیے خطے کے نوجوانوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے پر تنقید کی۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’مودی جی کو شیخ خاندان بالخصوص شیخ عبداللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے، جن کی کوششوں سے جموں و کشمیر کا ملک سے الحاق ممکن ہوا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو سابق ریاست میں پارٹی کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کے لئے عمر عبداللہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہئے۔ محبوبہ نے مزید کہا کہ ’’جب عمر عبداللہ واجپائی حکومت میں وزیر تھے، تو انہیں اکثر دنیا بھر میں یہ کہا جاتا تھا کہ جموں و کشمیر سیاسی مسئلہ نہیں ہے، بلکہ دہشت گردی کا معاملہ ہے جسے پاکستان پر حملہ کرکے حل کیا جانا چاہیے۔‘‘