اننت ناگ (جموں کشمیر):بی جے پی کے رکن پارلیمان (راجیہ سبھا ممبر) غلام علی کھٹانہ کا کہنا ہے کہ ’’الیکشن جمہوریت کا اہم ستون ہے اور بی جے پی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کا ہر کارکن ہمیشہ مستعد رہتا ہے اور آنے والے انتخابات کے لئے بھی بی جے پی پوری طرح سے تیار ہے۔‘‘ کھٹانہ نے ان باتوں کا اظہار ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقہ میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ ورکرس کنونشن میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
کھٹانہ نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی کی کارکردگی عوام کے سامنے واضح ہے، بی جے پی نے جموں کشمیر کی عوام کو راحت دی ہے، جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، نیشنل کانفرنس (این سی) کے دور میں عوام کو تباہی کے سوا کچھ نہیں ملا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے جموں کشمیر میں ترقی، امن اور خوشحالی لائی۔ انہوں نے کہا ’’کشمیر میں پتھر بازی نہیں ہو رہی ہے، ہڑتالیں ختم ہو گئیں، بندوق خاموش ہو گئی، آج ہر کوئی عزت اور وقار سے اپنی روزی روٹی کما رہا ہے۔‘‘