جموں:جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے ہفتے کے روز کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد بی جے پی نے لوگوں سے بہت سارے وعدے کئے، لیکن سبھی وعدے سراب ثابت ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں وکشمیر کا بیڑا غرق کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سال 2019 میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بی جے پی نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ وعدے کئے کہ ان کے جائز مسائل کو حل کیا جائے گا لیکن آج تک ایک بھی وعدہ وفا نہ ہو سکا۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں بے روزگاری کی شرح نے تمام ریکارڈ مات کئے، مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، جس وجہ سے غریبوں کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے۔وقار رسول وانی نے کہا کہ سرکار جموں وکشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہونے کے دعوئے کر رہی ہیں لیکن زمینی صورتحال اس کے برعکس ہے۔