سرینگر (جموں کشمیر) :عالمی کورونا وائرس کے دوران عائد کیے گئے لاک ڈاؤن میں پرندوں کے شوقین عرفان جیلانی نے سرینگر کے مضافاتی علاقہ میں واقع معروف آبی پناہ گاہ ہوکر سر میں پرندوں کے شوقین کے لیے پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ قبل ازیں عرفان جیلانی نے ’’برڈز آف کشمیر‘‘ Birds of kashmirنامی ایک گروپ، سوسائٹی کی تشکیل دی تاکہ ماحولیات سے متعلق آگاہی اور پرندوں خاص کر سرما کے دوران آنے والے مہاجر پرندوں کے شوقین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے۔
برڈز آف کشمیر نامی اس گروپ کے بانی عرفان جیلانی نے اپنے اس پہل کے بارے میں ای ٹی وی بھارت کو بتایا: ’’کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران جب دنیا تھم گئی تھی، ہم نے لوگوں کو اپنے گھروں کی بالکنیز اور صحنوں سے ’پرندہ نگاہی‘ یعنی پرندوں کو دیکھنے کی ترغیب دی۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کا ایک مثبت ردعمل سامنے آیا اور لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد اس پہل کو مزید تقویت دینے غرض سے Birds of Kashmir کمیونٹی وجود میں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ہی گروپ میں نمایاں اضافہ ہوتا رہا اور اس میں زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے پر جوش افراد نے مشن کے نظریات سے اتفاق رکھتے ہوئے شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا: ’’گروپ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج او پی شرما ودیارتھی، ریٹائرڈ انڈین فاریسٹ سروس (آئی ایف ایس) افسر، سابق پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹس (ایف سی سی پی) جے اینڈ کے، اور جے اینڈ کے بائیوڈائیورسٹی کونسل کے رکن، آبی پناہ گاہ ہوکر سر میں پرندوں کو دیکھنے اور ماحولیات کے تئیں عوامی آگاہی کو عام کرنے کے لئے مرتب کیے گئے پروگرام کا حصہ بنے۔