بارہمولہ (جموں کشمیر) :منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اور معاشرے سے منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی ’’مطلوب اور بدنام زمانہ‘‘ منشیات اسمگلروں کے خلاف PIT NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں سنٹرل جیل کوٹ بلوال جموں روانہ کر دیا۔ اس سے قبل بھی بارہمولہ ضلع میں پولیس نے منشیات فروشوں پر کڑی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس ذرائع نے جیل روانہ کیے گئے منشیات اسمگلروں کی شناخت شاہد منظور ڈار ولد منظور احمد ڈار ساکن محلہ میر، بارہمولہ اور شبیر احمد وانی ولد جلال الدین ساکن سنگھ پورہ کے طور پر ظاہر کی ہے۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ملزمان منشیات فروشی کے حوالہ سے طویل عرصہ سے مطلوب تھے۔ بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ مجاز اتھارٹی کے ذریعے گرفتاری کے احکامات حاصل کرکے منشیات فروشوں کو حراست میں لیکر انہیں کوٹ بلوال جیل، جموں بھیج دیا گیا۔