بارہمولہ: گزشتہ چند دنوں سے کشمیر میں مسلسل برفباری اور بارشیں ہونے کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کو کافی مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔ اگر ہم شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد الصفا کالونی کرتار گڑھ کی بات کریں تو یہاں کا ہر کوچا اور گلی زیر آب ہے اور عوام کو چلنے پھرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ کرتار گڑھ قصبے سوپور سے صرف تین کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ہم اس علاقے میں تیس سالوں سے رہ رہے ہیں لیکن آج تک سرکار اور متعلقہ محکمہ نے اس علاقے میں ڈرین نہیں بنائی اور جو وقت کے حکمران تھے انہوں نے صرف دھوکا دیا اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں بولا۔
لوگوں نے مزید بتایا کہ جو رفیع آباد کے سابقہ ایم ایل اے تھے انہوں نے صرف ووٹ لیا اور بدلے میں ہمیں پریشانی دی، ہم سالوں سے کافی پریشان ہیں کیونکہ ہماری بات کوئی نہیں سنتا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ ایسا کوئی دفتر اور چوکھٹ نہیں جہاں پر ہم نے اپنی شکایت کو درج نہیں کرایا لیکن ہم کو مایوسی کے سوا کچھ بھی نہیں ملا۔