بانڈی پورہ (جنوبی کشمیر) :وادی گریز میں ہر سال برف باری کے موسم میں برفانی تودے گر آنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے، جو نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ فوجی اہلکاروں کے لیے بھی خطرہ کا باعث بن سکتا ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے بھارتی فوج نے وادی گریز کے مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے 20 رضاکاروں کی ایک ٹیم کو برفانی تودے سے بچاؤ کی تربیت دی۔
یہ تربیت ضلع بانڈی پورہ کے داور، گریز میں منعقد کی جا رہی ہے اور اس میں رضاکاروں کو برفانی تودے کے خطرات کی نشاندہی، برفانی تودے سے بچنے کے طریقے، برفانی تودے میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش اور بچاؤ، ریسکیو کے لیے ضروری سازوسامان کے استعمال کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ فوج کے مطابق اس تربیت کا مقصد رضاکاروں کو برفانی تودے سے بچاؤ کے لیے ضروری مہارتوں اور علم سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت اور موثر انداز میں مدد کر سکیں۔