سری نگر( پرویز الدین) :شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے حکام نے خانہ کعبہ سے مشابہ ایک ڈھانچہ منہدم کر دیا۔ اس ڈھانچہ کو ٹنگمرگ کے واری پورہ گاؤں میں ایک ذہنی مریض نے تعمیر کیا تھا۔
یہ شخص مبینہ طور پر صوفی بزرگ شیخ نورالدین (رح) کی طرح صوفی بزرگ ہونے کا دعویٰ کر رہا تھا اور لوگوں سے کہہ رہا تھا کہ اگر وہ عمرہ یا حج کے لیے سفر کرنے سے قاصر ہیں تو یہاں (خانہ کعبہ سے مشابہ ڈھانچہ) کے پاس آ سکتے ہیں۔
مشتاق احمد ویری، عالم دین غلام رسول حامی اور مفتی اعظم ناصر الاسلام سمیت دیگر مذہبی اسکالرز اور علماء نے اس معاملے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے اس شخص کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔