سرینگر: ’’جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنا حکومت ہند کے ہاتھ میں ہے۔ سب کچھ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ہاتھوں میں ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے دورہ جموں کشمیر کے پس منظر میں، نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بدھ کو سرینگر میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
فاروق عبداللہ نے کہا: ’’ای سی آئی کی ٹیم سبھی پارٹیز اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت اور میٹنگ کے بعد رپورٹ حکومت ہند کو پیش کرے گی اور حکومت ہند ہی اصل تاریخ کا اعلان کرے گی، کیونکہ سب کچھ ان ہی کے ہاتھوں میں ہیں۔‘‘ اسمبلی الیکشن میں بھی لوک سبھا انتخابات کی طرح الائنس کو یکسر مسترد کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی (این سی) کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ الائنس نہیں کرے گی بلکہ اپنے دم پر انتخابات لڑے گی۔