ادھم پور:جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کل بروز منگل ہونے جا رہا ہے۔ ووٹوں کی گنتی سے قبل جموں اور کشمیر میں سیکورٹی کو سخت کر دیا، نیز گنتی کے مراکز کے لیے خاص طور سے تین درجے کا سکیورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے۔
اتوار کو اودھم پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) امود اشوک ناگپورے نے اس تعلق سے کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں گنتی کے مقامات پر تین درجے کا سیکورٹی نظام لاگو کیا گیا ہے۔
ادھم پور کے ایس ایس پی نے بتایا کہ "پہلی پرت میں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ دوسری پرت میں ریاستی پولیس کے مسلح دستے ہیں، اور تیسری پرت میں ضلع پولیس کے دستے ہیں۔ اسٹرانگ رومز اور کاؤنٹنگ ہالز دونوں میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) سطح کے افسران حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں گے،‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ گنتی کے مراکز پر 100 میٹر کے دائرے میں ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ "اسٹرانگ رومز اور گنتی مراکز دونوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے ممنوعہ علاقہ" قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "صرف مناسب شناختی کارڈ رکھنے والوں کو ہی گنتی کے مراکز میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔" ایس ایس پی نے بتایا کہ گنتی کے دن کیلئے ایک تفصیلی ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے جس سے شہریوں کو جلد آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔