بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (اے آر ٹی او) بارہمولہ معظم علی نے ضلع بھر کے اسکولوں کی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر وہ نقل و حمل کے اصولوں پر عمل کرنے میں ناکام رہے یا گاڑیوں کے دستاویز نامکمل پائے گئے تو انہیں سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ اے آر ٹی وی نے یہ احکامات دہلی پبلک اسکول کی 19بسوں کو بلیک لسٹ کرنے کے بعد جاری کیے۔ انہوں نے بتایا کہ دستاویز نامکمل ہونے کی وجہ سے بسوں کو بلیک لسٹ کیا گیا۔
انہوں نے اسکول حکام پر زور دیا کہ وہ گاڑیوں کے کاغذات کو سات دنوں کے اندر مکمل کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ وہ محکمہ کی کارروائی سے بچ سکیں۔ اے آر ٹی او نے کہا کہ ایک انفورسمنٹ ڈرائیو کے دوران دہلی پبلک اسکول بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی 19 اسکول بسوں کو ٹرانسپورٹیشن کے ضوابط کی عدم تعمیل پر بلیک لسٹ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کے دوران ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹ انچارجز کو بھی حساس بنایا گیا۔