پونچھ (جموں کشمیر) :آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے فارورڈ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات فوجی افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دویدی کا جموں کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے۔ جموں پہنچنے کے بعد جنرل دویدی فوری طور پر ضلع پونچھ کے سرحدی علاقوں کی طرف روانہ ہوئے جہاں انہوں نے فوجی افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات کی۔ آرمی چیف کا جموں میں 16 کور ہیڈ کوارٹر، نگروٹہ کا دورہ کرنے کا بھی پروگرام ہے۔
آرمی چیف نے پونچھ میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر فیلڈ کمانڈروں سے بات چیت کی۔ دفاعی حکام نے بتایا کہ آرمی چیف نے صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں بڑھتے ہوئے عسکریت پسندوں کے حملوں کی روشنی میں پونچھ اور راجوری اضلاع میں جاری عسکری مخالف کارروائیوں پر زور دیا۔