اننت ناگ ضلع نے دودھ کی پیداوار میں ضلع پلوامہ کو پیچھے چھوڑ دیا: چیف انیمل ہسبنڈری اننت ناگ اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کو ملک ڈسٹرکٹ بھی کہا جاتا ہے۔ کیونکہ پلوامہ ضلع میں سب سے زیادہ دودھ کی پیداوار ہوتی تھی، تاہم اب پلوامہ کے مقابلہ میں اننت ناگ ضلع دودھ کی پیداوار میں آگے بڑھ رہا ہے، محکمۂ انیمل ہسبنڈری اننت ناگ کا دعویٰ ہے کہ دودھ کی پیداوار میں اننت ناگ ضلع نے پلوامہ ضلع سے سبقت لی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے میر اشفاق سے خصوصی گفتگو کے دوران چیف انیمل ہسبنڈری افسر اننت ناگ ڈاکٹر جاوید محی الدین زرگر نے کہا کہ اننت ناگ ضلع میں روزانہ 7.29 لاکھ لیٹر دودھ نکلتا ہے۔ دودھ کی پیداوار ہر ماہ 218.70 لاکھ لیٹر جب کہ سالانہ 2072 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ جو دیگر اضلاع کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
بارہمولہ میں کم سے کم ہزار ڈیری فارمنگ یونٹ نوجوانوں کو فراہم کیے گئے: غلام رسول ڈار
انہوں نے کہا کہ اننت ناگ ضلع کی پیداوار میں سے 20 سے 25 فیصد دودھ جے کے ایچ ایم سی کو سپلائی ہوتا ہے۔ زرگر نے کہا کہ انٹیگریٹڈ ڈیری ڈیولپمنٹ اسکیم کے نفاذ کے بعد اننت ناگ میں دودھ کی پیداواری صلاحیت میں ریکارڈ توڑ اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع میں اسکیم کے تحت 1300 ڈیری یونٹس فعال ہیں اور ان یونٹس سے 623 افراد اپنا روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ زرگر نے کہا کہ اسکیم کے تحت خواتین کو 45 ہزار جب کہ مرد بنفشری کو 40 ہزار فی گائے سبسڈی کے طور پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ فلاحی اسکیموں کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں کیونکہ رعایت ملنے کے سبب لوگ بآسانی اس سیکٹر کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ اور اس طرح سے وہ کامیاب کاروباری ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔ زرگر نے کہا کہ ڈیری ایک وسیع سیکٹر ہے جو نہ صرف ایک انسان کو خود کفیل بناتا ہے بلکہ اپنے ساتھ کئی لوگوں کے روزگار کا ضامن بھی ہے۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں کو ڈیری سیکٹر میں اپنا مستقبل تلاش کرنے کی اپیل کی۔