بارہمولہ (جموں کشمیر) :لوک سبھا انتخابات 2024میں شمالی کشمیر کی بارہمولہ نشست پر عبد الرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کی کامیابی پر انجینئر رشید کے حامیوں نے جشن منایا۔ بتا دیں کہ انجینئر رشید اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہے اور انہوں نے جیل سے ہی بارہمولہ نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کیے اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو دو لاکھ سے بھی زائد ووٹوں سے شکست دی۔ اس نشست پر سجاد غنی لون نے بھی سیاسی قسمت آزمانے کی کوشش کی تاہم وہ انجینئر رشید سے دو لاکھ 99ہزار ووٹوں سے پیچھے رہ گئے۔
بارہمولہ میں انجینئر رشید کے حامیوں نے جشن منایا اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دکھائی دئے۔ جشن میں سنگرامہ، سوپور سے سابق ایم ایل اے شعیب لون بھی شامل تھے جنہوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انجینئر رشید کی اکیلے کی جیت نہیں بلکہ جمہوریت کی فتح ہے۔‘‘ انہوں نے شفاف الیکشن کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کا ابھی شکریہ ادا کیا۔