پلوامہ : ضلع پلوامہ کے داڈورہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان عامر احمد وانی کو پرو کبڈی لیگ میں جگہ ملی ہے ۔جس کے لیے انہیں 9 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت کے ساتھ منتخب کیا گیا ہے۔ عامر کا کہنا ہے کہ انہیں کبڈی کا شوق بچپن سے تھا۔ عامر مڈ لائن اکیڈمی ممبئی میں گزشتہ چار سالوں سے تربیت حاصل کررہے ہیں اور انہیں پرو کبڈی کی نیلامی میں جےپور پنک پینتھرس کی جانب سے خریدا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں آئندہ مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ میرا حتمی مقصد ہندوستان کی نمائندگی کرنا ہے۔
عامر نے اپنے کوچ انیکیت مہاترے اور جموں وکشمیر کبڈی ایسوسی ایشن کا اپنے سفر کے دوران تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انڈور اسٹیڈیم موجود ہیں، خطے کے زیادہ تر نوجوان کرکٹ میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، جب کہ کبڈی کو بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔ جموں و کشمیر میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اگر نوجوان کبڈی میں دلچسپی لیتے ہیں تو وہ ملکی سطح پر اپنا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
عامر کے والد عبدالحمید وانی نے کہا کہ عامر کے کبڈی کے شوق کو سب سے پہلے ڈگری کالج میں فزیکل ایجوکیشن ٹیچر نے پہچانا۔ انہوں نے ہی عامر کو اس کھیل کو آگے بڑھانے کی ترغیب دی اور انہیں تربیت کے لیے سرینگر لے گئے۔ اور عامر اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ممبئی چلے گئے عامر کو اس دوران مالی مشکلات سمیت متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔