سرینگر (جموں کشمیر):دسمبر 2023 میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (سکمز) SKIMS صورہ کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے 29 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ گذشتہ برس دسمبر ماہ میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے ایک نوٹیفکیشن جاری کی تھی جس میں سکمز میں ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے شہریوں سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ ایسے میں 29 اہل امیدواروں نے درخواستیں آن لائن جمع کی ہیں اور اس کے ساتھ ہی مزید درخواستیں وصول کرنے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ان درخواستوں کی جانچ محکمہ صحت اور میڈیکل ماہرین کی مقررہ کردہ اسکریننگ کمیٹی کرے گی۔ جس میں مقررہ قابلیت اور مطلوبہ تجربے کی بنیاد پر امیدواروں کا جائزہ لیا جائے گا۔ جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی منتخب امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ سکمز اسپتال کے نئے ڈائریکٹر کی تقرری اس ماہ کے آخر تک عمل میں لائی جانی متوقع ہے۔ جانچ کمیٹی کی صدارت محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے انتظامی سیکریٹری کریں گے جبکہ کمیٹی کے دیگر ممبران میں سرینگر، جموں اور ہندوارہ کے میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز کے علاوہ سکمز کے ایڈیشنل ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔