گاندربل (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ایس ایس بی کی 13بٹالین نے ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 25طلبہ کو بھارت درشن ٹور پر روانہ کیا۔ بھارت درشن ٹور وزارت داخلہ کا اسپانسر شدہ پروگرام ہے جس میں جموں و کشمیر کے دور دراز علاقہ جات کے طلبہ و طالبات کو مختلف شہروں کے مطالعاتی دورے پر لے جایا جاتا ہے جہاں وہ ثقافتی ورثے سے ہم آہنگ ہوتے ہیں۔
طلبہ کو ٹور پر روانہ کرنے سے قبل ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جے اینڈ کے کھادی اینڈ ویلج انڈسٹریز بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر حنا شفیع بھٹ نے بھی شرکت کی۔ طلبہ کو ٹور پر روانہ کیے جانے سے قبل انہوں نے طلبہ سے خطاب کیا اور ان کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں ایس ایس بی کے کمانڈنٹ مکیش سنگھ یادو نے طلبہ سمیت دیگر معزز حاضرین کو اس دورے کی تفصیلات اور اہمیت سے آگاہ کیا۔