اننت ناگ (جموں کشمیر) :معروف سیاحتی مقام پہلگام میں دریائے لدر میں نہانے کے دوران پاؤں پھسل جانے سے ایک نوجوان غرقاب ہو گیا۔ متوفی کی شناخت ہاروَن، سوپور کے رہنے والے چوبیس سالہ باسط احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق باسط احمد پہلگام کے لنگن بل پُل کے قریب دریائے لدر میں نہا رہا تھا جس دوران اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور دریائے لدر کے تیز بہاؤ میں ڈوب گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ باسط احمد پہلگام کی سیرو تفریح کے لئے آیا تھا جس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ نوجوان کے غرقاب ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد پولیس، ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں متحرک ہوئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ کڑی مشقت کے بعد نوجوان کو بازیاب کیا گیا تاہم دریائے لدر کے تیز بہاؤ کے سبب اس نے دم توڑ دیا تھا۔