یروشلم: اسرائیلی وفد نے غزہ پٹی میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے پر بات چیت میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حماس نے زندہ بچ جانے والے یرغمالیوں کی فہرست فراہم کرنے کی اسرائیل کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے افسران کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
قاہرہ نیوز براڈکاسٹر کے مطابق، قطری اور امریکی وفود کے ساتھ ساتھ حماس کا ایک وفد غزہ پٹی میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مذاکرات کے ایک نئے دور کے لیے مصری دارالحکومت قاہرہ پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قطر کے وزیر اعظم نے اتوار کو اسرائیلی خفیہ انٹیلی جنس سروس (موساد) کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کو حماس کے انکار سے آگاہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ حماس، اسرائیل کے ساتھ پہلے سے تجویز کردہ امریکی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی متفق نہیں تھا، جس نے اسرائیل کے مذاکرات سے نکلنے کے فیصلے کو بھی متاثر کیا۔