دی ہیگ: عالمی عدالت و انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوری طور پر اپنی فوجی کاروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عدالت کے حکم کی تکمیل کی رپورٹ ایک ماہ میں پیش کرے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ رفح میں اسرائیلی کاروائی سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں اور غزہ میں انسانی زندگی کے لیے درکار تمام تر انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔
عالمی عدالت نے رفح میں اسرائیلی فوجی کاروائی رکوانے کے لیے جنوبی افریقی درخواست پر فیصلہ سنایا ہے کیونکہ اسرائیلی فوج نے 7 مئی کو رفع میں زمینی آپریشن شروع کیا اور 10 مئی کو جنوبی افریقہ نے فوجی کاروائی رکوانے کی درخواست دائر کردی۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی جانب سے عالمی عدالت میں نسل کشی کنونشن کے تحت اسرائیل کے خلاف درخواست دائر کر چکا ہے۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے اس فیصلے کے موقع پر کہا کہ زمین کی کوئی طاقت اسرائیل کو اپنے شہریوں کی حفاظت اور غزہ میں حماس کا پیچھا کرنے سے نہیں روکے گی۔
اسرائیل نے اس ماہ جنوبی شہر رفح پر اپنا حملہ شروع کیا ہے، جس سے لاکھوں فلسطینیوں کو ایک ایسے شہر سے بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا جو 2.3 ملین آبادی میں سے نصف کے لیے پناہ گاہ بن گیا تھا۔