رفح، غزہ کی پٹی: غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی جارحیت اپنے عروج پر ہے۔ یہاں اسرائیل نے اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ صیہونی افواج کے تازہ حملوں میں معصوم بچوں سمیت متعدد فلسطینی جاں بحق ہوئے ہیں۔
- رفح پر اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد ہلاک:
فلسطینی اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعرات کی رات ہونے والے حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جن کی شناخت اسپتال کے ریکارڈ میں 6 سالہ شام نجار اور 8 سالہ جمال نبہان کے نام سے ہوئی ہے۔
وسطی غزہ میں اسرائیلی ٹینک کی گولہ باری سے چار افراد ہلاک ہو گئے، جن کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔ خاندان کے ارکان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ اس وقت مارے گئے جب انہوں نے شمالی غزہ جانے کی کوشش کی، جہاں اسرائیلی فوج لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے سے روک رہی ہے۔
اسرائیل نے رفح پر تقریباً روزانہ فضائی حملے کیے ہیں، جہاں غزہ کی 2.3 ملین آبادی میں سے نصف سے زیادہ لوگوں نے جنگ سے بچنے کے لیے پناہ لی ہوئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے 43 افراد کی لاشیں مقامی اسپتالوں میں لائی گئی ہیں۔ اسپتالوں میں 64 زخمیوں کو بھی لایا گیا۔
وزارت کی تازہ ترین رپورٹ، جو جمعرات کو جاری کی گئی ہے، اسرائیل اور حماس جنگ میں فلسطینیوں کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 34,305 ہو گئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ مزید 77,293 لوگ اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوئے ہیں۔ اس نے کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد تقریباً دو تہائی ہے۔