اسلام آباد: پاکستان کے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان اتوار کو کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ پارٹی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 93 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 75، پیپلز پارٹی نے 54 اور دیگر جماعتوں نے 42 نشستیں حاصل کیں۔ حکومت سازی کی صورتحال فی الحال واضح نہیں ہے کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں ملی ہے۔
اس سے دو روز قبل ہی دو سابق وزراء اعظم نے وکٹری اسپیچ دی۔ نواز شریف نے یہ تقریر اس وقت دی جب ان کی پارٹی صرف 65 سیٹ پر ہی جیت درج کی ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے ان کی تنقید بھی کی جارہی ہے۔ اپنی تقریر کے دوران پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے عام انتخابات کے نتائج میں سب سے بڑی جماعت ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو ملک کیلئے ساتھ بیٹھنے کی دعوت دے دی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کا احترام کرتے ہیں چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس بھنھور سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے، سب کو مل کر اس کو بھنور سے نکالنا ہے۔