اردو

urdu

پاکستان انتخابات میں پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار سب سے آگے لیکن حکومت سازی پر تذبذب برقرار

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 11, 2024, 5:40 PM IST

Updated : Feb 11, 2024, 7:55 PM IST

Pakistan Elections 2024 پاکستان کے عام انتخابات میں عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 93 نشستیں حاصل کیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 75، پیپلز پارٹی نے 54 اور دیگر جماعتوں نے 42 نشستیں حاصل کیں۔ نتائج میں دھاندلی کی وجہ سے ایک حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔ حکومت سازی کی صورتحال فی الحال واضح نہیں ہے کیونکہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اکثریت نہیں ملی ہے۔

Pakistan Elections 2024 final tally result
پاکستان عام انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو برتری حاصل

اسلام آباد: پاکستان کے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان اتوار کو کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 265 میں سے 264 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔ کیونکہ صوبہ پنجاب کے شہر خوشاب کے حلقہ کا نتیجہ الیکشن کمیشن نے دھاندلی کی شکایات کے باعث روک لیا اور اس کا اعلان متاثرہ افراد کی شکایات کے ازالے کے بعد کیا جائے گا اس کے علاوہ ایک امیدوار کی موت کے بعد اس نشست پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔

عمران خان کی پارٹی پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 93 نشستیں حاصل کیں۔ ان کے بعد تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف کی پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے 75 نشستیں حاصل کیں، جو تکنیکی طور پر پارلیمنٹ کی واحد سب سے بڑی جماعت ہے۔

بلاول زرداری بھٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی نے 54 نشستیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ دیگر چھوٹی جماعتوں نے 42 سیٹیں جیتے ہیں۔ واضح رہے کہ حکومت بنانے کے لیے کسی جماعت کو قومی اسمبلی کی 265 نشستوں میں سے 133 نشستیں جیتنا ہوں گی۔ لیکن اس انتخاب میں کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے اب پاکستان میں مخلوط حکومت بننے کا قوی امکان ہے۔ جس کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری نے ملاقات کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔

دریں اثناء پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کی تینوں صوبائی اسمبلیوں کے مکمل نتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا تاہم بلوچستان اسمبلی کے تینوں حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ پنجاب کی 296 نشستوں میں سے آزاد امیدواروں نے 138 نشستیں حاصل کیں، اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کو 137 اور دیگر جماعتوں کو 21 نشستیں ملیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان عام انتخابات: پی ٹی آئی کو حکومت سازی سے باز رکھنے کے لیے سیاسی پارٹیاں پورا زور لگا رہی ہیں

سندھ کی کل 130 نشستوں میں سے 129 کے نتائج کا اعلان کیا گیا جب کہ ای سی پی نے بدعنوانی کے باعث ایک حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے بعد صوبے کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ اسمبلی کی 28 نشستیں حاصل کی ہیں۔ آزاد امیدواروں نے 14 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 113 نشستوں پر مقابلہ ہوا جہاں 112 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا اور ایک نشست پر نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ 90 نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ جے یو آئی کے 7، مسلم لیگ کے 5، پیپلز پارٹی 4، جماعت اسلامی 3 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے 1-1 نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔

بلوچستان اسمبلی کی 51 نشستوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام 11، 11 اور پاکستان مسلم لیگ ن 10 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ جبکہ آزاد امیدوار 6، بلوچستان عوامی پارٹی 4، نیشنل پارٹی 3 اور عوامی نیشنل پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی، جماعت اسلامی، بی این پی عوامی اور حق دو تحریک نے 1، 1 نشست حاصل کی۔

Last Updated : Feb 11, 2024, 7:55 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details