مکہ مکرمہ:کورونا جیسی عالمی وبا کے بعد دنیا بھر میں صحت عامہ کے حوالے سے روز نئے اقدامات سامنے آرہے ہیں امسال عمرہ زائرین کو اسی مناسبت سے پہلی بار ایک منفرد تسبیح دی جائے گی۔
یوں تو زائرین عمرہ سارا سال ہی حرمین شریفین جاتے ہیں لیکن رمضان المبارک میں ان کی تعداد میں غیر معمولی طور پر اضافہ ہو جاتا ہے۔ زائرین عمرہ جسمانی عبادات جیسا کہ اراکین عمرہ کی ادائیگی، نماز، روزہ کے ساتھ فارغ اوقات میں ذکر و اذکار میں مصروف رہتے ہیں جس کے لیے زائرین کی بڑی تعداد تسبیح کا استعمال کرتی ہے۔
کورونا وبا کے بعد حج و عمرہ کے دوران صحت عامہ سے متعلق کئی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں وہیں اب زائرین کو پہلی بار سینیٹائز تسبیحات بھی فراہم کی جائیں گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائن نے دنیا کی پہلی سینیٹائزنگ تسبیح متعارف کرا دی ہے، جراثیم سے محفوظ رکھنے والی اس تسبیح کو تخلیقی اداروں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کا استعمال رواں سال رمضان المبارک سے کیا جا رہا ہے۔