رامات ہاشارون، اسرائیل: غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر لگام لگانے کے لیے گزشتہ کچھ مہینوں سے امریکہ، مصر اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی مذاکرات جاری ہیں۔ حالانکہ ثالثوں کو اپنی کوشش میں ابھی تک کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ تاہم اب مصر کے صدر نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے اسرائیل اور حماس کے درمیان دو روزہ جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے۔ مصری صدر کے مطابق، اس جنگ بندی کے دوران غزہ میں قید چار مغویوں کو رہا کر دیا جائے گا۔
حالانکہ اسرائیل یا حماس کی طرف سے مصری تجویز پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے کیونکہ تازہ ترین مذاکرات ایک اور اہم ثالث قطر میں متوقع تھے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ اس تجویز میں کچھ فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور محصور غزہ کے لیے انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد "صورتحال کو آگے بڑھانا ہے۔ عبدالفتاح السیسی نے مزید کہا کہ مستقل جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری رہیں گے۔