عمان: اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غزہ میں لڑائی جاری رکھنے سے تنازع بڑھنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ شاہ عبداللہ نے یہ تبصرہ اتوار کے روز عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس دوران انہوں نے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی تک پہنچنے اور معصوم شہریوں کے تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔
اپنے بیان میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ اردن غزہ کے لوگوں کو انسانی بنیادوں پر امداد اور طبی امداد فراہم کرتا رہے گا۔ شاہ عبداللہ نے اردن کی طرف سے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کو الگ کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کا اعادہ کیا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل تلاش کرنے پر زور دیا۔