یروشلم: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں زمینی آپریشن کے لیے اگلے ہفتے کابینہ کی منظوری لیں گے، جہاں غزہ کی نصف سے زیادہ آبادی اسرائیل کی بمباری کی وجہ سے پناہ لیے ہوئے ہیں۔
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھتے ہوئے ہفتے کے روز کہا کہ وہ "رفح میں کارروائی کے آپریشنل منصوبوں بشمول شہری آبادی کے انخلاء" کی منظوری کے لیے آئندہ ہفتے کے آغاز میں اپنی کابینہ کا اجلاس طلب کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ "صرف فوجی دباؤ اور ٹھوس مذاکرات سے ہمارے یرغمالیوں کی رہائی، حماس کے خاتمے اور جنگ کے تمام مقاصد حاصل ہوں گے"۔
غزہ پٹی کا جنوبی شہر رفح ایک وسیع و عریض سب سے بڑا پناہ گزین کیمپ بن گیا ہے، جس کی گنجان آبادی تقریباً 1.4 ملین افراد پر مشتمل ہے جو فلسطینی انکلیو کے شمال میں واقع علاقوں سے اسرائیلی حملوں کے باعث نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے رفح میں زمینی کاروائی شروع کے اعلان پر اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ رفح میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کے باعث "سنگین انسانی نتائج" ہوں گے۔