غزہ:فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت آج اسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔ تحریک مزاحمت حماس اسرائیلی یرغمالیوں کی دوسری کھیپ میں آج چار خواتین فوجیوں کو رہا کرے گی۔ اس کے بدلے میں اسرائیل 120 سکیورٹی قیدیوں سمیت 200 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔
حماس نے آج رہا کی جا رہی اسرائیلی خواتین کے نام گذشتہ روز جمعہ کو ہی جاری کر دیے جن کے نام لیری الباگ (19)، کرینہ ایریف (20)، ڈینئیل گلبوا (20) اور نما لیوی (20) ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے ان یرغمالیوں کے اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی ہے۔
غزہ میں 4,242 امدادی ٹرک داخل
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت غزہ میں لڑائی فی الوقت رک گئی ہے۔ اس دوران درجنوں اسرائیلی یرغمالیوں اور سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ وہیں محصور پٹی میں امداد بھی بھیجینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک بھیجی گئی امداد میں اتوارکو 630 ٹرک، پیر کو 915 ٹرک، منگل کو 897 ٹرک، بدھکو 808 ٹرک, جمعرات کو 653 ٹرک اور جمعہ کو 339 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوچکے ہیں۔
4 اسرائیلی خواتین کے بدلے 200 فلسطینیوں کی رہائی
آج بروز سنیچر رہا کی جانے والی چار خواتین فوجیوں کے بدلے میں اسرائیل کو اپنی جیلوں سے 200 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، جن میں 120 جنگجو بھی شامل ہیں جو عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ قیدیوں کا پہلا تبادلہ اتوار کو تین اسرائیلی یرغمالیوں اور 90 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ واضح رہے کہ معاہدے میں ایک اسرائیلی 'شہری' کے بدلے 30 فلسطینی قیدی اور ایک فوجی یرغمالی کے بدلے 50 فلسطینی قیدیوں کی رہائی طے ہوئی ہے۔
وہیں جنگ زدہ شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو ابھی تک اپنے گھروں کو لوٹنے کی اجازت نہیں ملی اور انہیں ایک اذیت ناک انتظار کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تین یرغمالیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں سے 90 فلسطینی قیدی رہا، اپنوں سے مل کر چھلکے آنسو، دیکھیے جذباتی مناظر
دوسری طرف غزہ میں لڑائی رکنے کے بعد اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دوسرا محاذ کھول دیا ہے۔ اسرائیلی افواج مغربی کنارے میں غزہ کی طرز پر ایک بڑا حملہ کر دیا ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق اس آپریشن میں اب تک کم از کم 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
جب کہ غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق غزہ میں خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جنگ میں 47,000 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت جنگجوؤں اور عام شہریوں میں فرق نہیں کرتی۔
مزید پڑھیں: حماس کے مسلح جنگجو سڑکوں پر نکل آئے، غزہ پر کنٹرول حاصل کر لیا