اردو

urdu

ETV Bharat / international

کینیڈا کا بھارت پر بشنوئی گینگ کو استعمال کرنے کا الزام، ہندوستانی حکومت کے 'ایجنٹوں' کے ساتھ گینگ کے روابط کا دعویٰ - CANADA INDIA DIPLOMATIC ROW

کینیڈا میں بشنوئی گینگ کی سرگرمیوں سے متعلق کینیڈین پولیس کے بیان سے تعلقات کے مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

دہلی کی ایک عدالت سے باہر نکلتے ہوئے لارنس بشنوئی
دہلی کی ایک عدالت سے باہر نکلتے ہوئے لارنس بشنوئی (ANI)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 15, 2024, 10:43 AM IST

اوٹاوا: کینیڈا نے بھارت پر الزام لگایا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ ہندوستانی حکومت کے کہنے پر 'خالصتان حامیوں' کو نشانہ بنا رہا ہے۔ یہ ایک ایسی پیش رفت ہے جو بھارت کینیڈا کے تعلقات کو مزید خراب کر سکتی ہے۔

فیڈرل پولیسنگ، نیشنل سیکیورٹی، رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر بریگٹ گاوین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی "ایجنٹ" 'خالصتان حامی' افراد کو نشانہ بنانے کے لیے 'منظم جرائم کے عناصر' کو استعمال کر رہے ہیں۔

گاوین نے کہا کہ "یہ عناصر جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ اپنی تفتیش اور رازداری کے تحفظ کے لیے ہم زیادہ کچھ نہیں بتا سکتے لیکن پھر بھی ہم کہہ سکتے ہیں کہ منظم جرائم پیشہ عناصر کا استعمال ہوتا رہا ہے۔ کینیڈا میں خاص طور پر بشنوئی گینگ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔"

انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس منظم جرائم پیشہ گینگ کے ہندوستانی حکومت کے "ایجنٹوں" سے روابط ہیں، جس سے جاری سفارتی تنازع میں مزید گہرا ہو رہا ہے۔ دونوں ملکوں کی جانب سے سفارت کاروں کو نکالنے کی تازہ پیش رفت رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کمشنر مائیک ڈوہیم کے حالیہ الزامات کے بعد سامنے آئی، جنہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بھارتی حکومت کے "ایجنٹوں" کے ذریعے کی جانے والی بعض مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سفارتی تنازع: بھارت اور کینیڈا کا ایک دوسرے کے چھ سفارت کاروں کو ملک سے نکالنے کا اعلان

ہندوستان نے پیر کے روز کینیڈا کے چارج ڈی افیئرس اسٹیورٹ وہیلر کو طلب کر کے اوٹاوا میں ہندوستانی ہائی کمشنر اور دیگر سفارت کاروں اور عہدیداروں کو "بے بنیاد طریقے سے نشانہ بنانے" کو ناقابل قبول قرار دیا۔

کینیڈا کے وزیر اعظم ٹروڈو نے ہندوستان پر "جانکاری اکٹھا کرنے کی خفیہ تکنیکوں، ایشیائی نژاد کینیڈین شہریوں کو نشانہ بنانے، اور دھمکی آمیز اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے" کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے شواہد کا حوالہ دیا اور دعویٰ کیا کہ ہندوستانی حکومت کے اہلکار ایسی سرگرمیوں میں ملوث تھے جو عوامی تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details