ایران : مشرقی ایران میں کوئلے کی کان میں ہوئے شدید دھماکہ میں 51 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دارالحکومت تہران سے تقریباً 540 کلومیٹر دور جنوب مشرق میں واقع تباس میں کوئلے کی کان میں میتھین کے اخراج سے دھماکہ ہوا۔ جنوبی خراسان صوبے کے گورنر جواد غنہات نے بتایا کہ ’جہاں کان واقع ہے وہاں امدادی ٹیمیوں کی جانب سے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جارہا ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق، ہفتہ کی رات تقریباً 9:00 بجے دھماکہ ہوا تب جائے وقوعہ پر 69 کارکن موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق میتھین گیس کے اخراج کی وجہ سے کوئلے کی کان کے دو بلاکس میں دھماکہ ہوا۔ سرکاری ٹی وی پر نشر ویڈیو میں بتایا گیا کہ ایمبولینس اور ہیلی کاپٹرز کی جانب سے زحمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔