ممبئی: شاہ رخ خان نے ہورون انڈیا امیروں کی فہرست میں جگہ بنالی۔ اس فہرست میں کئی معروف کاروباری شخصیات کے ساتھ شاہ رخ خان کا نام بھی شامل کیا گیا۔ اب فارچیون نے ان مشہور شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے مالی سال 2023-24 میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا۔ اس میں شاہ رخ خان کا نام ٹیکس ادا کرنے والی مشہور شخصیات کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان نے سب سے زیادہ 92 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔اس فہرست میں شاہ رخ خان کے ساتھ سلمان خان، امیتابھ بچن اور کپل شرما نے بھی جگہ بنائی ہے۔ وہیں کپل شرما نے اس فہرست میں اللو ارجن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سال 2023 میں شاہ رخ خان نے ایک نہیں بلکہ تین سپر ہٹ فلمیں دیں، پٹھان، جوان اور ڈنکی۔ شاہ رخ خان نے سال 2023 میں ان تینوں فلموں سے ڈھائی ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان ایک سال میں اتنی کمائی کرنے والے واحد اداکار بن گئے ہیں۔ ساتھ ہی اس ٹیکس میں وہ آمدنی بھی شامل ہے جو شاہ رخ خان اور دیگر مشہور شخصیات نے اشتہارات سے کمائی ہے۔
اگر ہم فہرست میں سب سے اوپر 5 ٹیکس ادا کرنے والے اداکاروں کی بات کریں تو دوسرے نمبر پر وجے تھلاپاتھی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وجے تھلاپاتھی نے 80 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا ہے۔ اس کے بعد سلمان خان (75 کروڑ روپے)۔ امیتابھ بچن (71 کروڑ) اور اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے 66 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پشپا اسٹار نے 14 کروڑ اور کپل شرما نے 26 کروڑ کا ٹیکس ادا کیا ہے۔