اسلام آباد: بزنس مین سلیم کریم سے دوسری شادی کرکے سرخیوں میں آنے والی پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ تاہم یہ ان کی ذاتی زندگی کا ایک نازک لمحہ ہے جسے خوب وائرل کیا گیا لیکن اب اداکارہ نے اس کی خود تصدیق کر دی ہے۔
غور طلب ہے کہ ماہرہ خان کی ایک نوزائیدہ بچے کو پیار کرتے ہوئے ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، جہاں مداحوں کا خیال ہے کہ یہ ان کا دوسرا بچہ ہے۔
واضح رہے کہ وائرل تصویر میں موجود بچہ کوئی اور نہیں بلکہ ان کا بیٹا اذلان ہے جو 15 ستمبر کو 15 سال کا ہو گیا ہے۔ یہ تصویر ماہرہ نے اذلان کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی، جس میں ماں ہسپتال کے گاؤن میں اپنے نوزائیدہ بچے کو دیکھ رہی ہے۔ ماہرہ خان نے تصویر کے ساتھ جذباتی کیپشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 24 برس کی عمر میں اپنی کل کائنات کو دیکھتے ہوئے، جس کی نظریں مجھ پر مرکوز ہیں، صرف میرا اذلان۔ اداکارہ نے لکھا کہ میرے بیٹے اذلان کی پیدائش 15 ستمبر 2009 میں ہوئی تھی۔
اداکارہ نے اپنے بیٹے سمیت سبھی ماؤں کے بیٹے کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ میرے اذلان اور تمام بچوں کو سلامت رکھے، انہیں خوش و خرم، صحت مند اور لمبی عمر عطا فرمائے۔ وہ اچھے راستے کا انتخاب کریں۔ وہ ہمیشہ شر سے محفوظ رہیں۔ آمین! جیسا کہ میری امی کہتی ہیں، ساری ماؤں کے دل ٹھنڈے رکھ یا رب۔ آمین انشاء اللہ۔