حیدرآباد: اللو ارجن کی نئی فلم 'پشپا 2: دی رول' آج (5 دسمبر) کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی ہے۔ پشپا 2 کے پریمیئر شو کے دوران حیدرآباد میں ایک تھیٹر کے باہر بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران ایک خاتون اور اس کے دو بیٹے اس بھگدڑ کا شکار ہو گئے۔ بھگدڑ میں خاتون کی موت ہوگئی جبکہ اس کے دونوں زخمی بیٹے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پشپا 2 کی پریمیئر اسکریننگ بدھ کی رات کو ہوئی تھی۔ اللو ارجن رات تقریباً 10.30 بجے حیدرآباد کے سندھیہ تھیٹر پہنچے۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بھیڑ جمع ہو گئی۔ آر ٹی سی ایکس روڈ پر واقع سندھیہ تھیٹر کے باہر بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ اس دوران موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
سوشل میڈیا اور نیوز رپورٹس کے مطابق دلسکھ نگر کی رہنے والی ریوتی (39) اپنے شوہر بھاسکر اور دونوں بیٹوں کے ساتھ پشپا 2 دیکھنے آئی تھی۔ بھگدڑ رات 10:30 بجے کے قریب اس وقت ہوئی جب ریوتی اور اس کے اہل خانہ تھیٹر سے باہر آرہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق شائقین اللو ارجن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے تھیٹر کی طرف بڑھے اور باہر آنے والے لوگوں کو دھکیل دیا۔
اس بھگدڑ میں ریوتی اور اس کے اہل خانہ زخمی ہوگئے۔ پولیس اہلکار اور آس پاس کے لوگوں نے فوراً ریوتی اور اس کے بیٹے کو بھیڑ سے الگ کیا اور انہیں سی پی آر دیا۔ بعد ازاں اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ لڑکے کو سپر اسپیشلٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔ بدقسمتی سے ریوتی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی اسپتال لے جایا گیا۔