حیدرآباد (نیوز ڈیسک): اترپردیش کے پریاگ راج میں مہا کمبھ میلہ چل رہا ہے۔ اس مذہبی میلے میں مالا بیچ رہی ایک لڑکی نے دنیا کو اپنی آنکھوں کے جادو سے حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ لڑکی اپنی خوبصورت، بڑی بڑی اور گہری آنکھوں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
مالا بیچنے والی جھیل جیسی آنکھوں والی لڑکی
مدھیہ پردیش کے اندور سے اپنے خاندان کے ساتھ کمبھ میلے میں پہنچی یہ لڑکی رودراکش کی مالا بیچ رہی ہے۔ اس لڑکی کا نام مونا ہے جس کی آنکھیں جھیل جیسی گہری ہیں۔ اس کا سان٘ولا رنگ اور بڑی بڑی گہری آنکھیں لوگوں کو بہت اچھی لگ رہی ہیں۔ کچھ ہی دیر میں یہ لڑکی پورے ملک میں وائرل ہوگئی۔ جس کی بھی نظر مونا کی آنکھوں پر پڑتی ہے وہ حیرت کے ساتھ ان میں ڈوبتا چلا جاتا ہے۔ مونا کے ویڈیو کو صرف ایک نہیں بلکہ لاکھوں انسٹاگرام صارفین نے شیئر کیا ہے۔ اس وقت مونا کی خوبصورتی ہر دوسری انسٹا ریل پر نظر آتی ہے۔ یہاں تک کہ کچھ لوگوں نے تو مونا کی خوبصورتی کا موازنہ مونا لیزا تک سے کر ڈالا۔