سرینگر: بالی ووڈ کے معروف اداکار پرکاش راج منگل کے روز لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں معروف ماہر ماحولیات سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال میں شامل ہوئے اور وہاں اپنا 59 ویں جنم دن منایا۔
بتادیں کہ سونم ونگچک لداخ کے ریاستی درجے اور لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے پر بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وہ ماحولیات کو درپیش خطرات کے لئے بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
بالی ووڈ اداکار پرکاش راج منگل کے روز لیہہ پہنچ کر اس کے بھوک ہڑتال میں شامل ہوئے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ونگچک صرف لداخ کے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
ان کے مطابق سونم وانگچک ماہر تعلیم ہے اور سیاست کے ساتھ ان کی کوئی وابستگی نہیں لیکن اس کے باوجود وہ ماحولیات کوبچانے کی خاطر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں سونم وانگچک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ وہ ایک اہم کاز کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
معروف اداکار نے کہا کہ ہمالیائی پہاڑیوں اور گلیشئروں کو خطرات لاحق ہے جس پر سب کو صدائے احتجاج بلند کرنے کی ضرورت ہے۔پرکاش راج نے ملک کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وانگچک کی کوششوں میں شامل ہو کر ماحولیات کو بچانے کی خاطر آگے آئیں۔
واضح رہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سونم وانگچک نے لداخ کو سٹیٹ ہڈکا درجہ دینے، چھٹے شیڈول کو لاگو کرنے اور ماحولیات کو بچانے کی خاطر بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔