ممبئی: ہندی سنیما کے سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ڈانس اسٹائل کے لاکھوں دیوانے ہیں لیکن خود سپر اسٹار امیتابھ بچن جن کے دیوانے تھے اور جنہوں نے ان کے ڈانس اسٹائل کو اپنایا، آج کی نسل شاید انہیں نہیں جانتی ہوگی اور وہ اداکار تھے پچاس کی دہائی کے سپراسٹار بھگوان دادا۔
فلمی دنیا میں بھگوان دادا کے نام سے مشہور بھگوان ابھا جی کے فلموں سے متعلق کئے واقعات ہیں۔ وہ ایسے خوش مزاج شخصیت کے مالک تھے کہ جہاں بھی موجود ہوتے وہاں کے ماحول کو خوشگوار بنادیا کرتے تھے۔ ہنسنے ہنسانے کا فن انہوں نے اپنی اداکاری میں خوب بکھیرا۔ ان کا یہ انداز آج بھی ان کے مداحوں کی یادوں میں تروتازہ ہے۔
بھگوان دادا کی پیدائش سال 1913 میں ممبئی میں ایک متوسط طبقے میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ایک فیکٹری میں کام کیا کرتے تھے۔ بچپن سے ہی بھگوان دادا کا رجحان فلموں کی جانب تھا اور وہ ایک اداکار بننا چاہتے تھے۔ اپنے ابتدائی دور میں بھگوان دادا نے ایک مزدور کے طور پر بھی کام کیا۔
بھگوان دادا نے اپنے فلمی کیرئر کے ابتدائی دور میں بطور اداکار سائلنٹ فلموں میں کام کیا۔ اسی کے ساتھ ہی انہوں نے فلم انڈسٹری میں رہ کر فلموں کی ہدایت کار ی کی تکنیک سیکھنا شروع کردی۔ اسی درمیان ان کی ملاقات ہدایت کار جے پی پوار سے ہوئی اور وہ ان کے معاون کے طور پر کام کرنے لگے۔
بطور ہدایت کار 1938 میں ریلیز فلم بہادر کسان بھگوان دادا کے فلمی کیئرئر کی پہلی فلم تھی جس میں انہوں نے جے پی پوار کے ساتھ ملکر ہدایت کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے راجہ گوپی چند، بدلہ، سوکھی جیون، بہادر ، دوستی جیسی کئی فلموں کی ہدایت کی لیکن یہ تمام فلمیں باکس آف پرناکام ثابت ہوئیں۔