حیدرآباد:ٹالی ووڈ کے مشہور اداکار اللو ارجن جنہیں حیدرآباد تھیٹر میں بھگدڑ کیس میں نچلی عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا تھا، ہفتہ کی صبح جیل سے باہر آگئے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے جمعہ کو ان کی فلم 'پشپا 2: دی رول' کے پریمیئر کے دوران ہونے والی بھگدڑ کے سلسلے میں انہیں عبوری ضمانت دے دی تھی۔ واضح رہے کہ اس بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ اداکار کو ہائی کورٹ سے ریلیف ملنے کے باوجود رات جیل میں گزارنی پڑی، کیونکہ جیل حکام کو جمعہ کی دیر تک ضمانت کی کاپی نہیں ملی تھی۔
اس ہائی پروفائل گرفتاری کے بعد تلنگانہ میں برسراقتدار کانگریس کو بی جے پی اور بی آر ایس نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہیں ٹی پی سی سی کے صدر مہیش کمار گوڈ نے بی جے پی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ دریں اثناء، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے بھی نئی دہلی میں آج تک کے ایک پروگرام میں کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے۔
"کوئی بھی اس عورت کے بارے میں بات نہیں کر رہا ہے جس کی موت ہوئی ہے یا اس کے بیٹے کے بارے میں جو کوما میں ہے۔ جب وہ کوما سے بیدار ہوگا تو اس کی ماں نہیں ہوگی۔"
اس سے قبل، ڈرامائی حالات میں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ اس دوران جب پولیس اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچی انہیں پولیس اہلکار سے مبینہ طور پر بحث کرتے ہوئے اور ان کے سونے کے کمرے میں آنے پر اعتراض کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ "یہ یقینی طور پر اچھی بات نہیں ہے۔"