حیدر آباد:نامپلی کریمنل کورٹ میں تلگو فلم اسٹار اللو ارجن کو پیش کیا گیا جہاں انہیں معزز جج نے 14 دن کےلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ اس موقع پر اداکار کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ ہائیکورٹ میں سندیا تھیٹر بھگدڑ مقدمہ کو خارج کرنے سے متعلق عرضی پر سماعت کی جاری ہے، اس لئے فیصلہ کےلئے کچھ وقت کا انتظار کیا جائے۔ تاہم عدالت نے وکلا کی درخواست کو نامنظور کرتے ہوئے اللو ارجن کو 14 دن کےلئے عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔
قبل ازیں پشپا 2 کے اداکار اللو ارجن کو سندھیا تھیٹر بھگدڑ معاملہ میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اللو ارجن کو آج صبح ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن لایا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی۔ بعدمیں اللو ارجن کو گاندھی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا معائنہ کیا گیا اور نامپلی کریمنل کورٹ میں حاضر کیا گیا۔ عدالت میں اداکار کے وکلا نے گرفتاری کی مخالفت کی اور کہا کہ ہائیکورٹ میں مقدمہ کو خارج کرنے کےلئے پٹیشن داخل کی گئی، جبکہ کچھ دیر بعد اس سلسلہ میں سماعت شروع ہوگی۔