ممبئی: مداح اداکاروں کو اسٹارز بناتے ہیں اور یہی وہ مداح ہوتے ہیں جو اپنے پسندیدہ اداکار سے ملنے کیلئے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہتے ہیں۔ مداحوں کی دیوانگی کئی بار اداکاروں کیلئے مشکل کھڑی کردیتی ہے لیکن اب ایک مداح کا ایسا عمل سامنے آیا ہے جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
ایک خاتون مداح نے اپنی موت کے بعد اپنی 72 کروڑ روپے کی جائیداد اداکار سنجے دت کے نام کر دی۔ حیرت تو اس بات پر ہوتی ہے کہ وہ کبھی اپنے چہیتے اداکار سے ملی بھی نہیں تھی۔ اس خاتون کا نام نشا پاٹل تھا۔
2018 میں بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی مداح نشا پاٹل کے اس کام نے سب کو حیران کردیا۔ جانکاری کے مطابق 62 سالہ نشا پاٹل گھریلو خاتون تھیں اور ممبئی کی رہائشی تھیں۔ اپنی موت سے قبل نشا نے اپنی 72 کروڑ روپے کی پوری جائیداد سنجو بابا کو منتقل کر دی تھی۔
رپورٹس کے مطابق نشا ایک لاعلاج بیماری میں مبتلا تھیں اور انھوں نے اپنے بینک کو کئی خط لکھے تھے، جس میں انہوں نے اپنی تمام جائیداد سنجے دت کو منتقل کرنے کی اپیل کی تھی۔
سنجے دت کے لیے یہ خبر سرپرائز تھی۔ خاتون مداح نشا پٹیل کے مرنے کے ایک دن بعد پولیس نے سنجو بابا کو فون کیا اور بتایا کہ خاتون مداح نے اپنے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد آپ کے نام کر رکھی ہے جس کی مالیت 72 کروڑ روپے ہے۔