نئی دہلی: وندے بھارت ٹرین میں سفر کرنے والے ایک جوڑے کو 18 جون کو بھوپال سے آگرہ جاتے ہوئے کھانے میں جھینگر ملے۔ جوڑے کے بھتیجے نے سوشل میڈیا پر شکایت درج کرائی اور ریلوے کی جانب سے فروخت کیے جانے والے کھانے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس جوڑے کے بھتیجے کا نام ودیت ورشنی ہے جس نے ایکس پر پوسٹ کیا ہے۔ ودیت ورشنی نے پوسٹ کیا کہ میرے چچا اور خالہ وندے بھارت سے بھوپال سے آگرہ جا رہے تھے۔ اس دوران کھانے میں "کاکروچ یعنی جھینگر" ملا۔ انہوں نے ریلوے سے مطالبہ کیا کہ کھانا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔
اس پوسٹ میں انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ نے اس جوڑے سے معافی مانگی ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ سرویس فراہم کرنے والے پر مناسب جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ آئی آر سی ٹی سی نے پوسٹ پر لکھا کہ ’ہم آپ کے سفر کے تجربے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور متعلقہ سرویس پرووائیڈر پر مناسب جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ہم نے مصنوعات اور لاجسٹکس کی نگرانی کو بھی متحرک کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے سرویس، مسافروں کو مدد فراہم کرنے والے سرکاری اکاؤنٹ نے بھی ودیت کی شکایت کا جواب دیا۔